پنجاب، خیبرپختونخوا میں سردی، کراچی و ملحق اضلاع گرمی کی لپیٹ میں

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی کے بعد بارش: گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی) کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا، جب کہ سندھ اور بلوچستان اب بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

پیر کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، چکوال سمیت پنجاب کے کئی شہروں جب کہ چترال، سوات، مردان، چارسدہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں ژالہ باری جب کہ چترال اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی۔

مردان کے علاقے تخت بھائی عیسی خوڑ میں شدید بارش کے بعد کمرے کی چھت گرنے سے 26 سالہ احتشام جاں بحق ہوگیا جب کہ مختلف اضلاع میں دیواریں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں طوفانی بارش ہوئی۔ مشتی میلہ اور چھپر مشتی نامی علاقوں میں ژالہ باری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے کئی مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اورکزئی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد متعدد علاقے زیر ااب ہیں۔

کشمیر میں بھی گرچ چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں بارش کے بعد بجلی بھی غائب ہوگئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش اور طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں اسلام آباد میں متعدد مقامات زیر آب آگئے، درخت ٹوٹ کر سڑکوں پر گر پڑے۔ دارالحکومت میں گرج چمک کی وجہ سے ۲۰۰ کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے تاہم ان واقعات سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

موسلا دھار بارش کی وجہ سے برساتی پانی اسلام آباد کے نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں بھی داخل ہو گیا جس سے معمولات متاثر ہوئے۔

بارش کے باعث پنجاب اور کے پی کا موسم سرد ہوگیا اور شہریوں نے گرم کپڑے اور کمبل و رضائیاں نکال لیں۔ پنجاب کے متعدد اضلاع میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی گزشتہ رات بارش ہوئی جس کے بعد چند تحصیلوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے۔ تحصیل سہنسہ، تھکیالہ سمیت متعدد علاقے گزشتہ شب دس بجے سے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

ایکسین برقیات کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

کراچی اور ملحقہ اضلاع گرمی کی لپیٹ میں

پیر کو سب سے زیادہ گرمی لسبیلہ اور سندھ کے مختلف اضلاع میں پڑی۔ لسبیلہ میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ شہید بے نظیر آباد، مٹھی اور حیدرآباد میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں بھی گزشتہ روز گرمی کی شدت رہی، 39 ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ شہر قائد کے باسی رخصت ہوتی گرمیوں کی نئی دستک سن کر خاصے پریشان نظر آئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز کراچی کا درجہ حرارت ایک بار پھر 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کراچی میں گرمی کے ساتھ بجلی بحران کی دستک

گرمی نے کراچی کے مکینوں کی مشکل بڑھائی تاہم بجلی بھی اپنا حصہ ادا کرنے سے پیچھے نہیں رہی۔ کے الیکٹرک کے اولڈ ٹاؤن گرڈ سے ملحقہ علاقے منگل کے روز شام سات بجے تک بجلی سے محروم رہیں گے۔


متعلقہ خبریں