احتساب کا عمل نہیں رکے گا، فواد چوہدری

احتساب کا عمل نہیں رکے گا، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان عوام احتساب چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن احتساب سے بھاگ رہی ہے اس لیے لوگوں سے اپوزیشن کا رابطہ ٹوٹتا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو نیب نے پکڑا ہے، حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وزیراعظم نیب کو ہدایت نہیں دے سکتے کیونکہ پی ٹی آئی اداروں کی خودمختاری پر یقین رکھتی ہے۔

مسلم لیگ ن کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی چوروں کو پکڑنے کی بات کرتے ہیں ان کے چہروں پر ہوائیاں اڑنے لگتی ہیں۔ ہم نہ ہی انتقامی سیاست کریں گے نہ کرنے دیں گے، ہمیں قوم کا چرایا ہوا پیسہ واپس لانا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے قرضے 30 ہزار ارب تک پہنچ گئے ہیں، کوئی بھی محکمہ کرپشن سے پاک نہیں ہے، احتساب کا عمل نہیں رکے گا، پاکستان کے عوام نے ہمیں تبدیلی کے لیے ووٹ دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کی ڈیڑھ سو تقریریں سنیں لیکن جب ان کے سنے کی باری آئی تو انہوں نے واک آؤٹ کا شور مچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرضے 30 ہزار ارب تک پہنچ گئے کیونکہ کوئی محکمہ کرپشن سے پاک نہیں ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات  نے کہا کہ حکومت کا شہباز شریف کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ  ان پر 2017 میں مقدمہ بنا اوراس وقت ن لیگ کی حکومت تھی۔


متعلقہ خبریں