شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوابی میں کارکنان کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر آئی۔ کارکنان نے شہبازشریف کی گرفتاری کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اورامن چوک میں ٹائروں کو جلاکر ٹریفک کے لیے سڑک بند کردی۔

مظاہرین نے اس موقع پرحکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ‘شہباز شریف کو رہا کرو’ کے نعرے لگائے۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی پی ایم ایل (ن) کے کارکنان نے احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام اور ضمنی انتخابات پر اثر انداز ہونے کا حربہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کا دعویٰ تھا کہ جس طرح نواز شریف بے گناہ ثابت ہوئے اسی طرح شہباز بھی بے گناہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اورہمارے قائدین گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اورتمام مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق رحیم یار خان میں بھی لیگی کارکنان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے شاہی روڈ بلاک کر کے حکومت اور نیب کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے  ضلعی صدر خالد شاہین نے کہا کہ لیگی قیادت اور ورکرز کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  اگر شہباز شریف کو رہا نہیں کیا گیا تو اگلا احتجاج قومی شاہراہ پر ہوگا۔


متعلقہ خبریں