ٹیکنوسٹی کی عمارت میں آگ پر قابو پا لیا گیا، میئر کراچی


کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے آگ لگنے سے متاثر ہونے والی عمارت ٹیکنو سٹی کے دورہ کے موقع پر کہا ہے کہ آگ بجھائی جا چکی ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 40 افراد کو نکالا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع اہم کاروباری عمارتوں میں سے ایک قرار دی جانے والی عمارت ٹیکنو سٹی میں لگنے والی آگ کئی گھنٹوں تک برقرار رہی تھی۔

ریسیکیو حکام کا کہنا تھا کہ عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے اسنارکل کی مدد لی گئی ہے۔ امدادی اہلکاروں کے مطابق ٹیکنوسٹی کی پانچویں منزل پر چند لوگ موجود تھے جنہیں نکالنے کی کوشش کی گئی۔

امدادی ذرائع کا کہنا تھا کہ عمارت کی پانچویں منزل پر 18 کے قریب افراد موجود تھے جنہیں باہر نکالا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع عمارت میں صبح پانچ بجے اچانک آگ لگی۔ زیریں منزل اور مختلف حصوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں اور ایک اسنار کل مصروف رہے۔

ابتدائی کوششوں میں ناکامی کے بعد پاک بحریہ کا فائر ٹینڈر بھی دیگر اداروں کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں بھر گیا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت کا جنریٹر روم بھی آگ کا نشانہ بنا، ڈیزل جلنے کی وجہ سے عمارت کے اندر بہت زیادہ دھواں ہو گیا تھا۔

میئر کراچی کا جائے حادثہ کا دورہ

میئر کراچی وسیم اختر جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا معائنہ کیا۔ آگ بھجنے کی اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے 40 لوگوں کو عمارت سے بحفاظت نکالا ہے۔

امدادی کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر بھی کی جانی چاہئیں۔ ڈیزل کو جنریٹر کے پاس رکھا گیا تھا۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بلند عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں، ان میں حفاظتی انتظامات بھی خاطرخواہ  ہونے چاہئیں، جو نہیں ہیں۔

چیف فائر آفیسر نے ذرائع ابلاغ کو واقعہ کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ آگ عمارت کی تیسری منزل پر لگی تھی۔

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی آگ کے متعلق مقامی افراد کا کہنا تھا کہ عمارت کے ساتھ بینک اور دیگر اہم دفاتر موجود ہیں۔ آگ پر فوری قابو نہیں پایا جاسکا تو بہت زیادہ نقصان کا خدشہ ہے جب کہ فائر بریگیڈ کے پاس آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں ہیں۔

عمارت میں کروڑوں روپے مالیت کے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کے گودام بھی موجود ہیں۔ ٹیکنوسٹی کی عمار کراچی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق آلات اور دیگر کاروباری اداروں کے دفاتر کے بڑے مراکز میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں