خیبرپختونخوا گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا


پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کراچی، لاہور اور مری کے گورنر ہاؤس کے بعد خیبر پختونخوا کا گورنر ہاؤس بھی عوام کے لیے کھول دیا۔

اتوار کے روز خیبرپختونخوا گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولا گیا، پہلے مرحلہ میں گورنمنٹ کالجز کی طالبات کو گورنر ہاؤس دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اتوار کے روز پشاور فرنٹیر گرلز کالجز اور بے نظیر ڈگری کالج کی دوسو طالبات گورنرہاؤس دیکھنے پہنچیں۔ گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولنے پر طالبات نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر ہاؤس انتظامیہ کے مطابق پنجاب کے طرز پر آئندہ اتوار سے فیملیز کو بھی آنے کی اجازت ہوگی۔

گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے گورنمنٹ ہاؤس مری کو بھی عوام کے لیے کھولنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اتوار کے روز گورنمنٹ ہاؤس مری کھولا گیا تو سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے عمارت کو دیکھنے کے لیے اس کا رخ کیا۔

گورنر پنجاب کے ملٹری سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گورنر ہاؤس ہر اتوار صبح دس سے شام چار بجے تک عوام کے لیے کھولا جائے گا، گورنر ہاؤس مری کے معروف مقام کشمیر پوائنٹ پر واقع ہے۔

تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے وی آئی پی کلچر ختم کرنے اور کفایت شعاری کو اپنی پالیسی کے طور پر اپنانے کا اعلان کیا تھا۔ اہم سرکاری عمارتوں کو عوام کے لیے کھولا جانا اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں