اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے وزرا کی شکایت کر دی


اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی نے  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں وفاقی وزراء کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وزراء کی غیر حاضری کی وجہ سے اپوزیشن کی تنقید کا سامنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وزراء کا رویہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن والا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ وزرا کی غیرموجودگی کی وجہ سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ حکومت ایوان چلانے میں سنجیدہ نہیں ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کے سینئیر وزراء کو متحرک کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو واشگاف الفاظ میں بتایا کہ نا تجربہ کار وزرا کی وجہ سے انہیں ایوان چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے اسپیکر کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان اور اسپیکر کے درمیان چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اور دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم  پارلیمانی کمیٹی کے معاملہ پر بھی بات ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کو پی اے سی کا چئیرمین بنانے کی تجویز دی لیکن عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی تک معاملہ التوا میں رکھنے کا کہا۔


متعلقہ خبریں