افتخار چوہدری کے داماد کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں ملوث سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے داماد مرتضیٰ کو دبئی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں ملوث ملزم مرتضیٰ کو دبئی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسکینڈل میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان کا نام بھی شامل ہے، اُسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے ایڈن ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق عجیب فیصلہ دیا تھا تاہم اب احتساب کا عمل بلا تفریق جاری ہے اور اسکینڈل میں بڑے مگر مچھ پکڑے جا چکے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ افتخار چوہدری کے بیٹے اور بیٹی کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ لاہور کے موقع پر ایڈن ہاؤسنگ اسکینڈل کے متاثرین نے زمان پارک لاہور کے باہر احتجاج کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کی کوشش پر ہاتھا پائی بھی ہوئی تھے۔

ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین کے احتجاج اور پولیس کے جانب سے روکے جانے کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے متاثرین کو بلا کر ان سے ملاقات بھی کی تھی۔


متعلقہ خبریں