پنجاب میں نہری پانی مہنگا کرنے کا فیصلہ

آبیانہ کی شرح میں اضافہ نا گزیر ہے، پنجاب حکومت|humnews.pk

لاہور: پنجاب حکومت نے زرعی مقاصد کے لیے حاصل نہری پانی پر آبیانہ (آبپاشی کا معاوضہ) کی شرح میں اضافہ ناگزیر قرار دے دیا ہے جس کی وجہ سے نہری پانی مہنگا ہو جائے گا۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ زرعی پانی کی قیمتیں انتہائی کم ہونے کے باعث پانی کا ضیاع بہت بڑھ جاتا ہے جس کی روک تھام کے لیے پانی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ آبیانہ کی شرح کم ہونے کا معاملہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے اٹھایا ہے اور زرعی مقاصد کے لیے حاصل نہری پانی پر آبیانہ کی شرح میں اضافے کی اجازت مانگی ہے  کیونکہ پنجاب میں زرعی پانی کے استعمال پر آبیانہ کی شرح بہت کم ہے۔

حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ زرعی پانی کے آبیانہ میں گذشتہ کئی سال سے اضافہ نہ ہونے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا گیا ہے اور بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں آخری بار 2012 میں آبیانہ کی شرح بڑھائی گئی تھی اوراس سے قبل ہر سال آبیانہ دس فیصد بڑھتا رہا ہے تاہم 2012 میں آبیانہ کی شرح منجمد کر دی گئی۔

خریف کی فصل کے لیے 85 روپے فی ایکڑ جبکہ ربیع کی فصل کے لیے 80 روپے ایکڑ آبیانہ لیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاملہ پر پنجاب کابینہ میں باضابطہ طور پر بحث کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں