ملکی مسائل فوری حل نہیں ہو سکتے، گورنر پنجاب

اس وقت ٹیکسز زیادہ ہیں، گورنر پنجاب کا برملا اعتراف

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم یا ملک کاروباری طبقے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا کیونکہ یہی طبقہ ٹیکس دیتا ہے اور روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے۔

پاکستان فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے۔ ملکی مسائل کو فوری حل کرنا آسان نہیں کیونکہ ہمیں ہر وہ کام کرنا ہے جس سے برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہو۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بزنس کیمونٹی کا ساتھ دینا ہو گا۔ بزنس کیمونٹی جو سہولت مانگے گی حکومت فراہم کرے گی۔ جی ایس پی پلس کے بعد ہماری ٹیکسٹائل میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل کے لیے گیس کی قیمت کم کر کے بڑا فیصلہ کیا۔

گورنر پنجاب نے فارما سوٹیکل انڈسڑی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کو دوائی لکھنے کے بعد کرائے جانے والے دورے اور دی جانے والی مراعات روکی جائیں، کمپنیاں وعدہ کریں کہ ڈاکٹرز کے دورے بند کریں گی۔

پاکستان فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن کی تقریب میں نو منتخب صدر چوہدری انصر فاروق نے حلف اٹھایا۔


متعلقہ خبریں