بدین میں سجی قیمتی گدھوں کی منڈی


بدین: پاکستان میں گدھا منڈیاں تو بہت ہیں لیکن پاکستان کے سب سے قیمتی گدھے بدین کی گدھا منڈی سے ملیں گے۔ 

پاکستان کی سب سے بڑی گدھا منڈی ہر سال بدین میں لگائی جاتی ہے۔ اس منڈی کی مقبولیت اس کا سائز نہیں بلکے یہاں فروخت  کے لیے لائے جانے والے قیمتی گدھے ہیں جو صرف قیمتی ہی نہیں ہیں بلکہ منفرد بھی ہیں۔

بدین کی گدھا منڈی میں لائے جانے والے گدھے وضع قطع سے ’گدھے‘ ہی ہیں لیکن اپنے ناموں سے منفرد ہیں۔ یہاں لائے جانے والے کئی گدھوں کے نام پاکستان کے قیمتی ہتھیاروں کے نام پر رکھے گئے ہیں۔

ایٹم بم، راکٹ اور میزائل نامی ان گدھوں کی بھاری قیمت ان کی نایاب اور کمیاب نسل کی وجہ سے بھی ہے۔ بدین میں لگنے والی گدھا منڈی کے گدھوں کی قیمیت 20 ہزارسے شروع ہوکر آٹھ لاکھ روپے تک جاتی ہے۔

منڈی میں خرید و فرخت کے دوران مالکان کی جانب سے گدھوں کی ایک ریس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جس میں جیتنے والے گدھے کے مالک کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔ گدھوں کی ریس دیکھنے کے خواہش مند بیرون شہر سے بھی بدین کا رخ کرتے ہیں۔

ریس میں حصہ لینے والے گدھوں کو خوب سجاوٹ کے بعد میدان میں اتارا جاتا ہے اور جیتنے والوں کو خریدنے کے لیے خریداروں کی قطار لگ جاتی ہے۔

گزشتہ دنوں ہونے والی ریس میں ٹائیگر، جگنو اور طوفان نے شائقین سے خوب داد وصول کی۔

بعض اوقات ریس جیتنے والے گدھوں کی قیمت دس لاکھ سے بھی اوپرچلی جاتی ہے لیکن ’شوقین‘ مالکان اسے بیچنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ 

جمعرات کے دن کراچی میں ہونے والی گدھوں کی ریس بھی بہت مشہور ہیں جس میں انتہائی قیمتی گدھے دوڑائے جاتے ہیں۔ سجے ہوئے گدھوں کو دیکھنے شوقین دور دور سے آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں