لاہور: لاہور شہر میں دھاتی ڈور کے استعمال کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے ایک 20 سالہ لڑکا زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ والٹن روڈ پر پیش آیا۔ پتنگ کی ڈور راستے سے گزرتے ابوبکر کے کان پر پھری جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔
لڑکے کو زخمی حالت میں شہر کے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
لاہورمیں پتنگ بازی میں استعمال ہونی والی دھاتی ڈور کو مخصوص قسم کے کیمیکل کے ذریعے تیز دھار بنایا جاتا ہے، اب تک درجنوں افراد اس خوفناک ڈور کا شکار ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے دل لاہور میں اس خونی ڈر نے ہولناک انداز میں کئی افراد کے گلے کاٹے ہیں، عموماً موٹرسائیکل سوار یا ان کے ساتھ موجود بچے اس کا شکار ہوتے ہیں۔
دھاتی ڈور سے ہلاک اور زخمی ہونے کے واقعات میں تیزی کی وجہ سے حکومت نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے لیکن چوری چھپے آج بھی بے حس لوگ اسے استعمال کر رہے ہیں۔
بسنت جیسا مقامی تہوار بھی قاتل ڈور کی وجہ سے کئی برسوں سے نہیں منایا جا رہا۔