کراچی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2018 کے سپر فور مرحلے کا شیڈول تبدیل کر دیا جس پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نئے شیڈول پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو میچوں کے درمیان 90 منٹ کا سفر کرنا ایک مسئلہ ہے۔
پاکستانی کپتان نے معاملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر میچز ابو ظہبی میں شیڈول ہیں تو تمام ٹیموں کے میچ وہیں کھیلے جانے چاہیئں۔ ایشین کرکٹ کونسل کا یہ اقدام سمجھ سے باہر ہے۔
ہانک کانگ کی پہلے میچ میں پاکستان اور دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سپر فور ٹیمز کا تعین کیا جا چکا ہے، اس سے پہلے گروپ بی میں سری لنکا کو بھی بنگلہ دیش اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔
نئے شیڈول کے مطابق بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جب کہ پاکستان کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچوں کے لئے ابوظہبی جانا ہوگا۔
نئے شیڈول میں گروپ میچز مکمل ہوئے بغیر ہی بھارت کو اے 1 ٹیم کا درجہ دیا گیا ہے۔ افغانستان اور بنگلہ دیش کو بالترتیب بی 1 اور بی 2 کا درجہ دیا گیا ہے حالانکہ دونوں ٹیمیں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد آئندہ اتوار کو گروپ میچ میں بھی ایک دوسرے کے مقابل آئیں گی۔
ایشیا کپ کا بڑا ٹاکرا
ایشیا کپ کے اہم مرحلے میں آج پاکستان اور بھارت دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت اپنا دوسرا میچ کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔