بیروت: رفیق حریری کے قاتل سے سڑک منسوب


بیروت: الغبیری میں ایک سڑک پر مصطفی بدرالدین کے نام کی تختی نظر آئی تو لوگ حیران رہ گئے۔ بدرالدین کو لبنان کی خصوصی عدالت سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ قرار دے چکی ہے۔ رفیق حریری 14 فروری 2005ء کو بیروت میں ایک بم دھماکے میں ہلاک کردیے گئے تھے۔

العربیہ ڈاٹ کام کے مطابق الغبیری کی بلدیہ کی جانب سے اس اقدام کو بعض لبنانیوں بالخصوص وزیراعظم سعد حریری کے حامیوں کی جانب سے اشتعال انگیز قرار دیا جا رہا ہے۔

العربیہ کے مطابق نگراں حکومت میں لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات نہاد المشنوق نے ایسے کسی بھی فیصلے پر دستخط کرنے کی تردید کی ہے جس میں الغبیری کی بلدیہ کو مصطفی بدرالدین کے نام سے سڑک موسوم کرنے کی اجازت دی گئی ہو۔

 المشنوق نے باور کرایا ہے کہ الغبیری کی بلدیہ کا فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے مسترد کیا جاتا ہے۔ لبنانی وزارت داخلہ کی جانب سے یہ اعلان بھی سامنے آیا ہے کہ وہ الغبیری کی بلدیہ کو ارسال کی جانے والی ایک تحریر میں سڑک پر مذکورہ نام کے بورڈز کو ہٹانے کا مطالبہ کرے گی۔

لبنان میں خصوصی عدالت کی استغاثہ نے رفیق حریری کے قتل کی براہ راست ذمہ داری ایک تنظیم اور شامی حکومت پر عائد کی تھی۔

رفیق حریری کے قتل کے جرم میں ترجیحی طور پر مصطفی بدرالدین کو ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا لیکن اسے الزامات سے مستثنیٰ بھی کر دیا گیا کیوں کہ حزب اللہ کا یہ رہنما 2016ء میں شام میں مارا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں