کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں وہ اب نہیں ہوں گی۔ صحافی برادری کے مسائل حل کریں گے۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا ہماری اچھائیوں کی درست کوریج نہیں دیتا۔ انہوں نے میڈیا سے حکومت سندھ کے اچھے کاموں کو سراہنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے واجبات سے متعلق کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، جو درست بل ہیں ان کی جلد ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ میں صحافیوں کی اس لیئے عزت کرتا ہوں کہ میں خود ایک صحافی گھرانے سے ہوں۔
مشیراطلاعات سندھ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ پہلی بار کراچی پریس کلب چھ سال کی عمر میں آئے تھے۔ حکومت، صحافی سب ایک ہی گھر کے لوگ ہیں لیکن سب کے کردار الگ الگ ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے اشتہارات ڈیپارٹمنٹ میں تبدیلی کی۔ اشتہارات کے حوالے سے پالیسی چند دنوں میں تیار کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ایک کیمٹی تشکیل دی جا رہی ہے جس میں محکمہ اطلاعات اور فنانس کے لوگ شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ پر بھی کام ہو رہا ہے، یہ کارڈ حقیقی صحافیوں کو جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے جعلی اخبارات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا بھی کہا اور بتایا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قوم ان کو اور ان کی حکومت کو اپنا سمجھے، وہ پہلے بھی قوم کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔