لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو پیرول ختم ہونے کے بعد جاتی امرا سے اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے۔
پیر کے روز نواز شریف و دیگر کو جاتی امرا سے بذریعہ سڑک علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا، جس کے بعد لاہور سے خصوصی طیارہ انہیں لے کر راولپنڈی پہنچا۔ طیارہ لینڈ کرنے کے بعد سابق وزیراعظم، ان کی بیٹی اور داماد کو سخت سیکیورٹی کے ساتھ بذریعہ سڑک اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
جاتی امرا سے میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ساتھ مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر رہنما بھی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پہنچے تھے۔
حج ٹرمینل پہنچنے کے بعد لارڈ میئر لاہور اور حمزہ شہباز کو طیارے تک جانے کی خصوصی اجازت دی گئی۔ نواز شریف و دیگر کے ہمراہ شہباز شریف بھی طیارے میں سوار ہوئے۔
ایئرپورٹ کے لیے روانگی سے قبل نوازشریف کی والدہ سے الوداعی ملاقات ہوئی، اس دوران ماحول افسردہ رہا۔ ضعیف والدہ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو خصوصی دعائیں دیں۔
سابق وزیراعظم کو تسلی دیتے ہوئے ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمت نہیں ہارنی، یہ اللہ کی آزمائش ہے۔
والدہ سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماں جی، گھبرانا نہیں، مشکل وقت ہے گزر جائے گا۔ نوازشریف نے اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو ہدایت کی کہ والدہ کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
قبل ازیں سامنے آنے والی خبر میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیرول میں توسیع کی درخواست نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پیر کے دن جاتی امرا میں میاں شہباز شریف کی نواز شریف اور مریم نواز سے مشاورت میں کیا گیا۔ مریم نواز نے پیرول میں توسیع کے لیے درخواست کی مخالفت کی، نواز شریف نے بھی توسیع نہ لینے کے موقف کی تائید کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی طرف سے پیرول میں چند روز کی توسیع لینے کی بات کی گئی تھی۔ مریم نواز نے توسیع کی درخواست کے حوالے سے سخت موقف ظاہر کیا اور اس کی مخالفت کی حالانکہ فیملی کے بعض دیگر افراد بھی توسیع کی درخواست کے حامی تھے۔
معاملہ سے واقف ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف سے کہا کہ پہلے بھی آپ کی ضد پر میں نے پیرول لیا لیکن اب نہیں لوں گا۔
بیگم کلثوم نواز کی رحلت پر نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ جس کی مدت آج ختم ہوئی ہے۔
میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی آمد سے قبل حج ٹرمینل پر رینجرز کے جوان اور اے ایس ایف کی بھاری نفری بھی پہنچی۔ رینجرز نے حج ٹرمینل کی سیکیورٹی سنبھالی جس کے بعد مرکزی گیٹ پر رینجرز کے جوان تعینات کر دیے گئے۔ ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کی خواتین اہلکار بھی حج ٹرمینل پہنچی تھیں۔