ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹوں سے شکست


دبئی: ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو آٹھ  وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے 117 رنز کا ہدف 24ویں  اوور میں حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان 24 اور بابر اعظم 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نو اور امام الحق 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے 37.1 اوورز میں 116 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عثمان خان شنواری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہانگ کانگ کے خلاف فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حریف ٹیم کی جانب سے اعزاز خان 27 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔

 پاکستان اس سے قبل دو مرتبہ ایشیا کپ اپنے نام کر چکا ہے جب کہ ہانک کانگ کی ٹیم پہلی بار میگا ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے۔

ایشیا کرکٹ کپ کا پہلا میچ گزشتہ روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں بنگال ٹائیگرز نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دی تھی۔ 

ٹیموں کے اسکواڈز پر ایک نظر

پاکستان

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، جنید خان، محمد عامر، محمد نواز، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعب ملک اور عثمان خان شامل ہیں۔ 

ہانگ کانگ

ہانگ کانگ ٹیم انشومن رتھ کی کپتانی میں گرین شرٹس کا سامنا کر رہے ہیں۔ کپتان ٹیم کے وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں آفتاب حسین، اعزاز خان، بابر حیات، کرسٹوفر کارٹر، احسان خان، احسان نواز، ہارون ارشد، کیمرون میکولسن، سکاٹ سٹیفن، ندیم احمد، نزاکت خان، راگ کپور، کنچٹ شاہ، تنویر احمد، تنویر افضل اور وقاص خان شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں