چودھری شجاعت، وزیراعظم آزادکشمیر کی جاتی امرا آمد


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اوروزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی اور ان سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی۔

چودھری شجاعت کے ساتھ چودھری مونس الہی، چودھری راسخ الہی، چودھری شافع حسین اورچودھری سالک حسین بھی تھے۔ ق لیگ کے سربراہ نے نواز شریف سے ان کی اہیلہ کے انتقال پراظہارافسوس کیا اورمرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات کو ہمشیہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدرنے بھی محمد نوازشریف اورشہبازشریف سے ملاقات کی۔ راجہ فاروق حیدرنے بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ راجہ فاروق حیدر نے بیگم کلثوم نواز، میاں شریف اورعباس شریف کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔

جاتی امرا میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ مرحومہ کلثوم نواز نے ایک سخت ترین وقت میں جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق بلند کیا، انہوں نے پاکستان کی تاریِخ میں خاتون اول کے طور پرمتانت اور وقار سے اپنا وقت گزارا، کلثوم نواز نے اپنے مخالفین سے بھی اچھا برتاؤ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سب یہ سوچ لیں کہ ایک دن ہم سب نے مرنا ہے تو بہت سے اوئے ہوئے کی سیاست سے خود ہی بازآجائیں گے۔ ہم میاں نواز شریف اور مریم نواز کا غم بانٹنے کے لیے آئے تھے۔

نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم ایک سال سے ناانصافیوں کوبھگت رہے ہیں، میاں نوازشریف ایک ایسا کیس بھگت رہے ہیں جس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس کیس کو فوری ختم ہونا چاہئیے اورمیاں نواز شریف کوگھر واپس آنا چاہئے۔

سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ کے سینئیر رہنماء خواجہ آصف جاتی امرا پہنچے توسکیورٹی اہلکاروں نے انہیں داخلہ کی اجازت نہیں دی، بعد میں خواجہ آصف کو جاتی امرا کے اندر سے فون کال آنے پر داخلہ کی اجازت دی گئی۔


متعلقہ خبریں