سمندری طوفان سے 25 ہلاک، لاکھوں متاثر


شمالی کیرلائنا: سمندری طوفان فلورینس سے اب تک امریکہ اور فلپائن میں 25 افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہو چکے ہیں۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

امریکی ریاست شمالی کیرلائنا میں فلورینس نامی سمندری طوفان سے گیارہ افراد ہلاک ہوئے جب کہ درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے آٹھ لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

فلورینس جمعہ کے روز شمالی کیرلائنا کی ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ طوفان سے قبل 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا گیا تھا۔

امریکی میڈیا رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ طوفان کے بعد تیز بارشوں اور ہواؤں نے ریاست کے ساحلی علاقوں کا نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

فلورینس سمندری طوفان نے فلپائن میں بھی تباہی مچائی جہاں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 14 تک جا پہنچی ہے۔ فلپائن کے صوبے لوزن میں سمندری طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔

طوفان سے لینڈ سلائیڈنگ کے 42 واقعات پیش آئے ہیں، ماہرین موسمیات کے مطابق اس طوفان سے 50 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طاقت ور طوفان کا رخ اب ہانگ کانگ اور چین کے علاقوں کی جانب ہے جب کہ ہواؤں کی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فلورینس شمالی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد جنوبی کیرولائنا کی جانب بڑھ رہا ہے۔

طوفان سے قبل شمالی کیرولائنا میں انتباہ جاری کیا گیا تھا جس میں عوام کو خوراک اور پانی  محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات کی گئی تھی۔ زیادہ حساس علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں