فنکاروں کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے، فواد چوہدری


لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین اپنی صلاحیتوں سے پروگراموں کا معیار بہتر بنائیں،  اس حوالے سے فن کاروں اور تخلیق کاروں کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کا دورہ کیا اور کالم نگار منصور آفاق سے پی ٹی وی کے پروگراموں کو بہتر بنانے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے، ملک خوشحال ہوگا تو اس کے ثمرات تمام اداروں تک پہنچیں گے۔

لاہور دورے کے دوران فواد چوہدری کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے نمائندوں سے بھی ملاقات ہوئی۔

پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم نے انہیں صحافیوں کے مسائل سے آگا ہ کیا جس پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا۔

پی ٹی وی لاہور سنٹر کی سی بی اے یونین کے وفد نے بھی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی جس میں سی بی اے کے صدر راحیل آصف نے وزیر اطلاعات کو ملازمین کے مطالبات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے تمام وفود سے کہا کہ پی ٹی وی پروگراموں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ادارے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں۔


متعلقہ خبریں