لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل میں صرف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے عوام سے درخواست کی ہے کہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے لیے دعاؤں اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے۔
بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لیے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاؤں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے شریف خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ سفر کی دشواری کے باوجود ہزاروں افراد کے پہنچنے سے ہمیں حوصلہ ملا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے کا شکرگزار ہے۔ جن لوگوں نے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھا ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان کی محبتوں کی ہمارے دل میں بے حد قدر ہے اور ہمارے دل احساس تشکر سے بھرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی رہنماؤں، سفیروں، حکومتی اور دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تعزیتی پیغامات اور بالمشافہ اظہار ہمدردی کیا۔ بڑی بہن کلثوم نواز کے انتقال کی تکلیف میں جس طرح سب نے ڈھارس بندھائی وہ انمول ہے۔