اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز صرف نوازشریف کی اہلیہ ہی نہیں بلکہ ان کی سیاسی ساتھی بھی تھیں۔ نواز شریف کے لیے ایسے ساتھی کا بچھڑ جانا نا صرف باعث دکھ بلکہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔
ہم نیوز کے بروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سب کے سامنے ہے جو مفروضے کی بنیاد پر دیا گیا تھا اور ایسا فیصلہ زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ پائے گا۔
پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ بیوروکریسی کسی بھی ملک کا اہم حصہ ہوتا ہے۔ اس کا کام پالیسیوں پر عمل کرانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بیوروکریسی کے معاملات میں سیاسی مداخلت سے منع کیا ہے کیونکہ ہم بیوروکریسی کوساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔
پروگرام میں شامل سابق بیوروکریٹ اور سیکریٹری داخلہ تسنیم درانی نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے خوف، بیوروکریسی میں ہونے والی غلطیوں اور افسران کی سیاسی وابستگیوں کے متعلق عمران خان کے تحفظات مثبت ہیں۔