لاہور: ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
انہوں نے جاتی امرا میں نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر بھی موجود تھے۔
کلثوم نواز کو طبیعت کی خرابی کے سبب گزشتہ برس لندن منتقل کیا گیا تھا اور اسی طبی مرکز میں علاج کے دوران 2017 میں انہیں کینسر کا مرض تشخیص کیا گیا تھا جبکہ گیارہ ستمبر کو68 برس کی عمر میں انہوں نے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں ہی اپنی آخری سانس لیں۔
کلثوم نواز 1950 میں ایک کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئیں، ان کا تعلق معروف پہلوان گاما پہلوان کے خاندان سے تھا۔
کلثوم نواز نے ابتدائی تعلیم مدرسہ البنات سے حاصل کی اس کے بعد لیڈی گریفن اسکول سے میٹرک کیا۔ لاہور کی معروف درسگاہ اسلامیہ کالج سے ایف ایس سی، جب کہ بی ایس سی کی ڈگری ایف سی کالج لاہور سے حاصل کی۔