جمہوریت خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، بلاول بھٹو


کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فقط جمہوریت ہی مضبوط و خوشحال وفاق پاکستان کی ضمانت ہے تاہم ایک جمہوری نظام پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔

عالمی یومِ جمہوریت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت انسانی تاریخ کا نچوڑ اور بہترین طرزِ حکمرانی ہے لیکن تاحال دنیا میں اور خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں عوام دشمن قوتوں کے مقابلے میں کمزور ہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ کا حاصل یہی ہے کہ آخری فتح عوام کی ہو گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو  کے نظریے کی روشنی میں پاکستان کو وفاقی جمہوری ریاست بنانے کے لیے سرگرم رہے گی اور اپنی شہید قیادت کی طرح اس راہ میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، انہوں نے جمہوریت کی خاطر عظیم جدوجہد کی ہے اور بہت قربانیاں دی ہیں۔ جمہوریت اور عوام کے لیے درپیش چیلنج ابھی ختم نہیں ہوئیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ مٹھی بھر عوام دشمن قوتیں دنیا میں امن اور ترقی نہیں چاہتیں۔


متعلقہ خبریں