پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، ترک وزیرخارجہ

پاکستان اور ترک خارجہ وفود کے مذاکرات

اسلام آباد: نئی حکومت کے بعد پہلے دورہ پر پاکستان پہنچنے والے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا چھٹا اجلاس پاکستان میں ہوگا جسے کامیاب بنائیں گے، دہشت گردی کے معاملہ پر پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔

جمعہ کے روز دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں لیکن عوامی رابطے جاری رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم کریں گے۔ دونوں ملکوں کی دوستی  ہمیشہ قائم رہے گی۔

ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دوں گا۔ ملاقات سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

میولوت چاوش اولو کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آمد باعث فخر ہے۔ بیشتر معاملات پر پاکستان اور ترکی کا موقف ایک ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر ترکی نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ انقرہ نے ہمیشہ مشکل معاملات پر اسلام آباد کا ساتھ دیا۔

پاکستانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں ترکی کو شرکت کی دعوت دی ہے جس پر ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ خود اجلاس میں شریک ہوں گے۔

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دفتر خارجہ میں ترک ہم منصب سے محو گفتگو
پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دفتر خارجہ میں ترک ہم منصب سے محو گفتگو

دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وفود کی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی سربراہی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ترک وفد کی سربراہی وزیر خارجہ میولت اولو نے کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلق پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات کے دوران دوطرفہ تعلقات باالخصوص معاشی اور تجارتی تعلق میں اضافہ کو موضوع بنایا گیا۔

وفود کی سطح پر مذاکرات سے قبل دونوں وزرائے خارجہ نے ون آن ون ملاقات بھی کی۔

ترک وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورہ کے دوران آج پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ گزشتہ شب پاکستان پہنچنے والے میولوت اولو وزیراعظم عمران خان، صدرمملکت اور آرمی چیف سے ملیں گے۔


متعلقہ خبریں