عوام پر بوجھ ڈالا گیا تو مخالفت کریں گے، نوید قمر

عوام پر بوجھ ڈالا گیا تو مخالفت کریں گے، نوید قمر

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام پر بوجھ بڑھائے گی اور ٹیکس بریکٹس کو تبدیل کرے گی تو ہم اور دیگر جماعتیں اس کی مخالفت کریں گی۔

 ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا ہنی مون دور ختم ہو چکا ہے لہٰذا انہیں کھوکھلے اور بے معنی نعروں کی سیاست ختم کر کے ایف بی آر میں اصلاحات اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں تبدیلی جیسے اہم کاموں پر توجہ دینی چاہیے۔

نوید قمر نے مزید کہا کہ سرکاری عمارات کو یونیورسٹی بنانے جیسے تمام اعلانات بے معنی اور ناقابل عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں غریبوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑا پروگرام متعارف کرایا تھا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے سب کے سر پر تلوار لٹکا رکھی ہے اور ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کن تجاویز پر علم درآمد کرنا ہو گا۔

دوسری جانب پروگرام میں شریک صحافی آصف فاروقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اعلانات کرنے کے بعد یو ٹرن لیتی ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ فیصلے کرنے سے قبل مناسب ہوم ورک نہیں کرتے جس کے سبب بعد میں پارٹی رہنماؤں کو مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو نوکریاں اور گھر دینے کے لیے حکومت کو پیسے خرچ کرنے ہوں گے جبکہ بچت اور کفایت شعاری کی مہم اس کے برعکس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا معاشی ایجنڈا واضح نہیں ہے۔

پروگرام میں شریک صحافی اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ  پاکستان تحریک انصاف جب سے حکومت میں آئی ہے انہوں نے لوٹی ہوئی رقم واپس لانے  کے لیے برطانوی حکومت پر کافی دباؤ ڈالا ہے۔


متعلقہ خبریں