اسلام آباد: صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کے لیے بھرپور کاوشیں کی جائیں گی کیونکہ یہ عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہ وہ ملکی آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری اور معاشی بحالی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ڈیمز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کی جانب سے ڈیمز فنڈز کے لیے مہم خوش آئند ہے جس کے بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شجرکاری مہم جنگی بنیادوں پر ہونی چاہیے کیونکہ اس وقت پاکستان کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے وژن پر عمل درآمد کے لیے وزارت اطلاعات کردار ادا کرے گی۔
فواد چوہدری نے عہدہ سنبھالنے پر صدر مملکت کو مبارکباد دی، ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔