اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کیس نیب خیبر پختونخوا (کے پی) میں انکوائری کے مراحل میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے نیب آفس نے نیب ہیڈ کوارٹرز سے کوئی رہنمائی طلب نہیں کی اور ہیلی کاپٹر کیس کا کوئی ریکارڈ بھی ہیڈ کوارٹرز کو نہیں بھجوایا گیا۔
ترجمان نیب نے بتایا کہ ادارے کے تمام اقدامات قانون کے مطابق ہوں گے اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
خیبرپختونخواہ نیب نے تین اگست کو صوبائی حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا تھا اور 15 سوالات پرمشتمل سوالنامہ بھی دیا تھا۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے دو فروری کو عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر نوٹس لیا تھا، نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا جس کی فی گھنٹہ پرواز پر 28 ہزار روپے کا خرچ آیا تھا۔