لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انضمام الحق پر لگے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چیف سیلکٹر انضمام الحق سے ملاقات کے دوران ان پر اور جونئیر سلیکشن کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے تحقیقات کے لیے کمیٹی نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، بعض حلقوں نے اعتراض کیا ہے کہ پی سی بی نے سابق کرکٹر عبدالقادر کا موقف سنے بغیر ہی فیصلہ دے دیا۔
چیف سیلکٹر انضمام الحق پر الزامات عائد کیے گئے تھے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی انڈر 19 ٹیم میں شمولیت کے لیے جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کو فون کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے بیٹے کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ یہ تمام گفتگو باسط علی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو بتائی جبکہ دوسری جانب انضمام الحق نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔