گرین لائن منصوبہ: تمام فنڈز وفاق فراہم کرے گا

گرین لائن منصوبے سے صوبائی حکومت کی شراکت داری ختم کرنے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بنائے گئے گرین لائن بس منصوبے سے حکومت سندھ کی شراکت داری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے سو فیصد فنڈز فراہم کرے گی جب کہ 80 بسوں کی خریداری کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی ( کے آئی ڈی سی) کی ذمہ داری ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق بسوں کی خریداری وفاق کے کراچی کو دئیےجانے والے پیکیج  کا حصہ ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے آئی ڈی سی کے سربراہ زبیر چنا کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور کراچی پیکج کا باضابطہ اعلان وزیراعظم دورہ کراچی میں کریں گے۔

کراچی میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے گولیمار سے گرومندر تک 18 کلو میٹر طویل گرین بس سروس چلائی جائے گی جس سے روزانہ کی بنیاد پر20 سے 25 ہزار افراد مستفید ہوسکیں گے۔

ٹریک کے دونوں اطراف کی آبادی 75 لاکھ سے زائد ہے اور یہ حصہ  شہر کے گنجان ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس منصوبے کو 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن تاحال تاخیر کا شکار ہے۔

ابتدائی طور پر اس منصوبے کی لاگت 16 ارب روپے اور مدت تکمیل کا اندازہ دو سال لگایا گیا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔


متعلقہ خبریں