حسن، حسین، اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کے امکانات کم



اسلام آباد: حسن نواز، حسین نواز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ پاکستان واپس آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ تینوں کے خلاف نیب عدالت میں ریفرنسز دائر ہیں۔

لندن کے ہارلے اسٹیٹ کلینک میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز  کی میت جمعہ کو پاکستان لائی جائے گی۔ پاکستان سے شہباز شریف میت کو واپس لانے کے لیے بدھ کے روز غیرملکی ایئرلائن کے ذریعے براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت کے ہمراہ پاکستان نہیں آئیں گے۔

حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف احتساب عدالت میں تین ریفرنسز دائر ہیں۔ فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ جائیدادوں کے ریفنسز میں سماعت کا حصہ نہ بننے پر احستاب عدالت دونوں بھائیوں کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

حسن اور حسین نواز کے مسلسل عدالت میں سماعت سے غیر حاضر رہنے پر ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔

نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، تاہم وہ علاج کی غرض سے لندن گئے اور تاحال واپس نہیں آئے ہیں۔

سپریم کورٹ اسحاق ڈار کو ہر صورت واپس لانے کا حکم دے چکی ہے، وزارت داخلہ نے سابق وزیر داخلہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ  کرنے ساتھ عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں