بیگم کلثوم نواز نے ملک کے لیے بہت کچھ کیا،یوسف رضا گیلانی


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پروہ بہت آبدیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک اچھی خاتون تھیں اورپاکستان کے لیے بہت کچھ کیا ۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی جانب سے بتانا چاہتے ہیں کہ وہ شریف خاندان کے دکھ میں پورے طور پرشریک ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم نے ماضی کے حوالے سے بتایا کہ جو لوگ نیب کے ساتھ ہوتے گئے وہی ترقی کرتے گئے لیکن ہم نے ان کا ساتھ نہیں دیا اس لیے جیل جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے دور میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوئی۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹررمیش کمار نے کہا کہ آج پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ہماری ماں کی طرح تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب نے ایک دن یہ دنیا چھوڑ کر جانا ہوتا ہے لیکن جو لوگ اچھے کام کر کے جاتے ہیں انہیں اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو پاکستان آنا چاہیے کیونکہ ماں سے بڑھ کر کوئی نہیں ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان احتساب اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے بہت کلیئر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے پاکستان میں کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ممتاز تجزیہ کار شہزاد چوہدری نے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات کے معاملے میں شریف خاندان کے ساتھ جتنا تعاون ہو سکتا ہےحکومت کو کرنا چاہیے۔

حسن اور حسین نواز کے وطن واپس آنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بیٹوں کی اپنی مرضی ہے کہ وہ وطن واپس آئیں یا نہیں؟ کیونکہ واہس آنے پر ان کو حراست میں لیا جا سکتا ہے۔  

شہزاد چوہدری نے بتایا کہ جو لوگ کلثوم نواز کو جانتے ہیں ان کی بہت زیادہ تعریف کرتے ہیں، گھریلو خاتون کے ساتھ ساتھ سیاست میں اچھے فیصلے کرنا بہت بڑا کام ہے جوانہوں نے کردکھایا۔

’پاکستان ٹونائٹ‘ میں شریک پاکستان  مسلم لیگ (ن) کے رہنا قیصر شیخ نے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات (ن) لیگ کے لیے بہت بری خبر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہماری لیڈر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم بیگم کلثوم نواز کو سراہ رہی ہے کیونکہ وہ بہت اچھی خاتون تھیں۔

قیصرشیخ کا کہنا تھا کہ مخالفین نے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کو لے کر بہت باتیں کیں جو کہ غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کرنا چاہیے لیکن اس طرح کی چیز کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں اورہمیں ایک دوسرے کو سمجھنا چاہیے۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم بیگم کلثوم نواز کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں اوران کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

پروگرام میں موجود ماہر قانون عارف چودھری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک نہایت بہادر خاتوں تھیں،انہوں نے مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

عارف چودھری نے کہا کہ حسن اورحسین نواز اس دکھ کی گھڑی میں ملک واپس آ سکتے ہیں لیکن ان کو گرفتاری دینی ہو گی اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ شاید دونوں بھائی واپس نہ آئیں۔  


متعلقہ خبریں