لاہور: صوبائی دارلحکومت میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک دن میں 25 وارداتیں ہوئیں اور پولیس کسی ایک کو بھی روکنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
ہم نیوز کے مطابق اقبال ٹاون میں خالد نامی شہری سے ایک کلو سونا، 25 لاکھ روپے نقدی اور گاڑی چھین لی گئی۔ دوسری واردات ٹاون شپ میں ہوئی جہاں دو ڈاکو ایک بیکری سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
ڈیفنس سی میں بیٹریوں کی دوکان سے چھ لاکھ روپے مالیت کی بیٹریاں، ایک لاکھ روپے نقد اور دیگرسامان چوری کر لیا گیا۔ فیصل ٹاون میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو خاتون سے طلائی زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے۔
اسلام پورہ میں ڈاکو، شہری سے موبائل فون اور60 ہزار روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے تو نشتر کالونی میں ڈاکو شہری سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد اور موبائل فون لے اڑے۔
گلشن اقبال کے ہما بلاک میں دو ڈاکو بلال سے دو لاکھ روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے،ماڈل ٹاون میں خاتون سے پرس اور موبائل فون چھین لیا گیا۔
شفیق آباد میں میٹرو اسٹور سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو ایک لاکھ روپیہ نقد اور موبائل فون لے کر فرار ہوئے تو بادامی باغ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لے اڑے۔
ہربنس پورہ میں نوید سے نقدی اورموبائل فون چھین لیا گیا، کاہنہ کے علاقہ گجو متہ سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو ایک لاکھ روپے نقد، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر لے گئے۔
بھگوان پورہ سے دو ڈاکو دو موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تو رائے ونڈ میں مسلح ڈاکو اکرم سے چھ ہزار روپے نقد اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔
ہیر میں بھی خاتون سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے جانے کی واردات ہوئی ہے۔