راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 100 دنوں میں دو نئی ٹرینوں کے افتتاح کی درخواست قبول کرلی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہی ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ٹرینوں کا افتتاح وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوگا جن میں میانوالی ایکسپریس شام چھ بجے راولپنڈی سے اور صبح سات بجے میانوانی سے روانہ ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ مارگلہ ایکسپریس راولپنڈی اورلاہور سے شام آٹھ بجے چلا کرے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ریلوے ہے جس میں کوئی کام نہیں کیا گیا لیکن موجودہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت ریلوے کے کام میں تیزی لائے گی۔
شیخ رشید نے اعلان کیا کہ ہم تفتان تک 700 کلومیٹر طویل نئی ریلوے لائن بچھائیں گے اور گوادر سے کوئٹہ تک ریلوے کو بہتر بھی کریں گے۔
وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ کراچی سے پشاور ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کریں گے جس سے کاروباری افراد کو سہولت ملے گی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے عوام کے لیے ہے اورہم اسے عوام کے لیے بہترین بنائیں گے۔