آپریشن کے نام پر قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں،انجم عقیل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما انجم عقیل نے الزام عائد کیا ہے کہ ہم پاکستانی اوراسلام اباد کے باسی ہیں لیکن ہم پر پولیس اور سی ڈی اے نے حملہ کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تجاوزات کے خلاف کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے جاری آ پریشن پرپی ایم ایل (ن) کے رہنماؤں انجم عقیل خان اورملک ابرار نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھتہ مافیا جب بھی سی ڈی اے میں آتا ہے ’متاثرین اسلام اباد‘ کو کچل کر چلا جاتا ہے۔

سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل نے الزام عائد کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ریاست کی رٹ صرف ہمارے ہی اوپر نافذ کرنی ہے؟

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے تجویز پیش کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنا تھا تو اہل علاقہ کو اعتماد میں لے کر کرتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک ابرار نے کہا کہ بنی گالا میں نقشے نہیں بنے ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی ہے کیونکہ وہاں با اثر لوگ رہتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آج کے بعد سی ڈی اے یا حکومت نے ان لوگوں کی طرف دیکھا تو ہم ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی سیاست کے لیے نہیں بلکہ اپنی اراضی کے تخفظ کے لیے بیٹھے ہیں۔

ایک سوال پر پی ایم ایل (ن) کے رہنما ملک ابرار نے واضح کیا کہ اگر کسی نے قبضہ کیا تو ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اربوں روپے کا نقصان کرکے لوگوں کو بے روزگار کیا گیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل نے کہا کہ ہم ان متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اورایسی کارروائیاں موجودہ حکومت کی کامیابی نہیں بلکہ ناکامی کا ثبوت ہیں۔


متعلقہ خبریں