لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی نئی حکومت کی جانب سے پنجاب کے گورنر مقرر کیے گئے چوہدری سرور کے حکم پر مری کے گورنر ہاؤس کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
مری کا گورنر ہاؤس کھولا جانا اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سندھ میں تحریک انصاف کے گورنر عمران اسماعیل کی جانب سے تاریخی شہرت رکھنے والی عمارت کے حامل گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔
مری کے گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کرنے والے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مری گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور اسی دوران احکامات جاری کیے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک گورنر ہاؤس مری دیکھ سکیں گے۔
پاکستان کے اہم تفریحی مقامات میں سے ایک مری میں واقع گورنر ہاؤس ماضی میں اپنے پرتعیش انتظامات کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بنتا رہا ہے۔ ماضی میں سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ مری کے گورنر ہاؤس میں بھاری خرچ سے سنہری ٹوائلٹس اور شاہانہ کمرے ترتیب دیے گئے ہیں۔
قبل ازیں گورنر ہاؤس سندھ کو شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عام دنوں میں صبح چھ سے دس بجے اور اتوار کے روز شام ساڑھے چار سے ساڑھے چھ بجے تک کھولا جائے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ گورنر ہاؤس سندھ کا وزٹ کرنا چاہیں تو عمارت کے بیرونی حصے میں قائم گیٹ نمبر ایک پر اپنے شناختی کارڈ جمع کرا کے اندر جا سکتے ہیں۔