کابل: افغان طالبان نے افغانستان کے شمالی صوبے جوزجان کے ایک ضلع پر قبضہ کر لیا ہے جب کہ شمالی صوبے سرائے پل کے دارالحکومت پر قبضہ کے لیے شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
افغان حکام نے تصدیق کی کہ طالبان نے جوزجان کے ضلع خام آب پر قبضہ کر لیا ہے، حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز سے شدید جھڑپوں کے بعد ضلع کا کنٹرول طالبان نے حاصل کر لیا ہے۔
دوسری طرف افغان صوبے قندوز میں رات گئے طالبان نے سیکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹوں پر حملہ کر دیا اور 15 سے زائد اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہشتگردوں نے حملے میں دشت آرچی میں قائم چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، حکام نے تصدیق کی کہ طالبان کے حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 15 اہلکارہلاک اور18 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق اتوار کی رات کو ہی طالبان نے شمالی صوبے سرائے پل کے صوبائی مرکز پر حملہ کیا۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسزاورطالبان جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
صوبائی گورنرکے ترجمان ذبیح اللہ اماںی نے تصدیق کی کہ طالبان نے اتوار کی رات کو صوبے کے مرکز پر تین اطراف سے حملہ کیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مزید کمک نہیں بھیجی گئی تو صوبائی دارالحکومت طالبان کے قبضے میں چلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑائی میں دونوں طرف سے ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن ابھی تک صیحح تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے تصدیق کی کہ طالبان نے بلغی گائوں میں ایک سیکیورٹی بیس پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان نے صوبائی دارالحکومت پر ضلع سید اور مغربی و شمالی اطراف سے حملہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان صوبائی دارالحکومت سے صرف دو کلومیٹر دور ہیں۔