اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (ف) یکم محرم الحرام سے ملک بھر میں رکنیت سازی مہم کا آغاز کررہی ہے۔ متحدہ مجلس عمل اور جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں پارٹی فارم پر کر کے مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے.
ہم نیوز کے مطابق پنجاب میں مولانا خلیل الرحمان اور سندھ میں مولانا عبدللہ مہر رکنیت سازی مہم کے ذمہ دار ہوں گے۔
مولانا راشد خیبر پختونخوا، مولانا عبدالخالق بلوچستان اور مولانا شمس الدین قبائلی علاقہ جات میں رکنیت سازی مہم کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
جے یو آئی کے مطابق مولانا عنایت اللہ کو گلگت بلتستان جبکہ مولانا حمداللہ کو اسلام آباد میں مہم کا ذمہ دار بنایا گیا ہے۔
حالیہ عام انتخابات میں جے یو آئی (ف) کو ملک بھر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کا شکا خود مولانا فضل الرحمٰن بھی ہوئے ہیں اور اپنی دونوں نشستوں سے انتخاب ہار گئے ہیں۔
الیکشن میں شکست کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کیا مگر پھر صدارتی انتخابات میں وہ امیدوار کے طور پر سامنے آئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت ملنے کے باوجود انہیں اس مرتبہ بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔