کراچی: نجی ایئر لائن سے کوئٹہ جانے والے حجاج کرام آج بھر کراچی ایئرپورٹ پر پھنس گئے، خاصی دیر گزرنے کے بعد وزارت مذہبی امور، سول ایوی ایشن ( سی اے اے ) اور نجی ایئر لائن کی جانب سے متبادل انتظام نہ کیا جا سکا۔
ترجمان قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے مطابق پی آئی اے کے ذریعے اتوار کی صبح ایک سو 60 حجاج کرام کو کوئٹہ پہنچایا گیا ہے، دیگر 140 حجاج کرام کو جلد از جلد پہنچانے کے لئے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اتوار کی سہہ پہر تک حجاج کرام کو کوئٹہ منتقل کر دیا جائے گا۔
حجاج کرام کو معاہدے کے تحت نجی ایئرلائن نے کوئٹہ پہچانا تھا تاہم نجی ایئرلائن کا آپریشن منسوخ کئے جانے کے بعد حجاج کو پہنچانے کی ذمہ داری قومی ایئرلائن کے سپرد کر دی گئی تھی۔
اس دوران 300 حجاج کرام کو قومی ایئرلائن سے کراچی لایا گیا تھا جہاں سے انہیں شاہین ایئرلائن نے کوئٹہ پہنچانا تھا۔
گزشتہ ہفتے سی اے اے کی جانب سے شاہین ایئرلائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شاہین ایئرلائن کے ذریعے مقدس فریضہ انجام دینے کے لیے گئے حجاج کرام سعودی عرب میں پھنس گئے تھے۔
حجاج کرام کی مشکلات کی خبریں عام ہوئیں تو سول ایوی ایشن نے عارضی طور پر لائسنس بحال کرتے ہوئے شاہین ایئر کو آپریشنز جاری رکھنے کی اجازت دے دی تھی۔