ماہرہ خان ادارہ برائے مہاجرین کی سفیر مقرر

ماہرہ خان ادارہ برائے مہاجرین کی سفیر مقرر

اسلام آباد: معروف اداکارہ اور ماڈل ماہرہ خان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی رضاکارانہ سفیر بن گئی ہیں۔ 

انہوں نے ہفتے کے روز ہائی کمشنر فلپو گرانڈی کے ہمراہ  نوشہرہ کا دورہ کیا اور رجسٹریشن سینٹر میں میسرسہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ماہرہ خان نے خیبرپختونخوا آمد پر خوشی  کا اظہار کیا اور مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مہاجرین کے لیے کام کا انتخاب نہیں کیا بلکہ اس سنجیدہ اور گمبھیر مسئلے نے ان کا انتخاب کیا ہے۔ 

“میں نے افغان مہاجرین کے حوالے سے بہت سی دل سوز اور دلخراش کہانیاں سن رکھی ہیں، ان لوگوں کے مسائل کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا میرے لیے باعث فخر ہو گا۔”

اداکارہ کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین نے اپنی زمین، اپنا وطن چھوڑنے کا فیصلہ بہ رضا و خوشی نہیں کیا تھا، ان پر سالوں سے ایک جنگ مسلط ہے، یہ لوگ اپنی اور اپنے بچوں کی جان بچانے کے لیے در بدر خوار ہیں۔ 

پچھلے دنوں کراچی میں افغان مہاجرین کی ایک بستی کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے مہاجرین کے حقوق کے لیے آواز بلند کی تھی۔

ماہرہ کے اس اقدام کو نا صرف ملک بھر میں، بلکہ بیرون ملک بھی سراہا گیا تھا۔ واقعے کے چند دن بعد ادارہ برائے مہاجرین کے ہائی کمشنر فلپ گرانڈی کی پاکستان آمد پر اداکارہ کو ان کے ساتھ نوشہرہ میں قائم افغان مہاجرین کیمپ کے دورے کی دعوت دی گئی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی۔ 


متعلقہ خبریں