واشنگٹن: امریکہ نے جرمنی میں مزید 15 سو اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا، مزید امریکی فوجیوں کو ستمبر2020 سے تعینات کیا جائے گا۔
امریکی فوجی ذرائع کے مطابق نئے یونٹس کی سرگرمیاں رواں سال سے ہی ترتیب دی جائی گی اور 2020 میں اہلکاروں کو اہل خانہ سمیت جنوبی جرمنی میں تعینات کیا جائے گا۔ اضافی فوجی جرمنی میں پہلے سے موجود 33 ہزار اہلکاروں کے علاوہ ہوں گے۔
یو ایس آرمی یورپ کے ہیڈ کوارٹر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی میں نئے اہلکاروں کی مستقل تعیناتی نیٹو اور یورپی سیکیورٹی کے لیے ہمارے وعدے کی پاسداری کا ثبوت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں تعینات امریکی فوجیوں میں اضافہ اس بات کی تصدیق ہے کہ ہم میں کسی بھی بحران سے نمٹنے کے لیے بہتر صلاحیتیں موجود ہیں۔
امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے۔
جرمن وزیر دفاع ارزلا فان ڈیئر لائن نے نئے فوجیوں کی تعیناتی کو خوش آئندہ قرار دیا ہے۔