لاہور: حکومت پنجاب نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ میں مزید نو وزرا شامل کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق توسیع کے فیصلے کے بعد پنجاب کابینہ میں تین مشیروں اور پانچ معاون خصوصی کا اضافہ ہو جائے گا۔ نئے وزرا میں پیر سید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم، سید حسین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق، آشفہ ریاض، شوکت علی لالیکا، زوارحسین وڑائچ اوراعجاز مسیح شامل ہیں تاہم وزرا کے محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عبدالحئی دستی محکمہ زراعت، فیصل حیات محکمہ لائیواسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ اورمحمد حنیف محکمہ صحت کے مشیر ہوں گے جبکہ محمد سلمان ٹرانسپورٹ، سید رفاقت علی گیلانی اوقاف و مذہبی امور، عمرفاروق امورنوجواناں وکھیل، امیرمحمد خان جنگلات اورخرم خان لغاری محکمہ خوراک کے لیے حصو صی معاون ہوں گے۔
اس سے قبل پنجاب کابینہ میں 23 وزرا موجود تھے تاہم نو مزید وزرا کی شمولیت کے بعد ان کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔