لاہور: ایشیا کرکٹ کپ2018 کی چھٹی ٹیم کے کے لیے ہونے والے کوالیفائی مقابلوں میں ہانگ کانگ نے عرب امارات کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے عرب امارات نے نو وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کے آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے عوض مقررہ ہدف حاصل کرلیا۔
ہانگ کانگ کے بالر اعزاز خان پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ندیم احمد نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نزاکت خان نے 38 اور کرسٹوفر کارٹر نے33 اسکور بنائے۔
15 ستمبر کو شروع ہونے والے ایشیا کرکٹ کپ2018 میں ہانگ کانگ گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ تیسری ٹیم کے طور پر شریک ہو گا۔
ہانگ کانگ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان سے 16 ستمبر کو کھیلے گا۔
دوسری طرف ابو ظہبی میں ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر کھیل و ثقافت شیخ نیہان بن مبارک النہیان نے ٹرافی کی رونمائی کی۔