آصف زرداری مقابلہ کرنا جانتے ہیں، قمر زمان کائرہ


اسلام آباد: سینئر تجزیہ کار جنرل(ر) غلام مصطفی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ جمہوریت پر عمل نہ کرنے سے خطرہ ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ کے میزبان عادل شاہ زیب سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مفادات کا خیال رکھنے سے گھبراتے ہیں جبکہ بھارت کھل کر بات کرتا ہے، قرضوں کی وجہ سے نئی حکومت مشکل میں ہے، انہیں اپنا ردعمل فوری ظاہر نہیں کرنا چاہیے۔

جنرل(ر) غلام مصطفی نے کہا کہ نئی قیادت مسائل کو سمجھتی ہے اور آج تمام لوگ سیاسی تناؤ سے بالاتر ہو کر یوم دفاع کی تقریب میں موجود تھے، پومپیو کا لہجہ بھارت پہنچتے ہی بدل گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج تک سمجھ نہیں آیا کہ سول حکومت فوج سے کس قسم کی مدد چاہتی ہے، یہ دیکھنا اہم ہے کہ بھارت پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بحال ہونے میں رکاوٹ ہے۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زماں کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری ایسے آدمی ہیں جو کھڑے ہو کر مقابلہ کرنا جانتے ہیں، وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم پر اور ہمارے رہنماؤں پر بہت مقدمات ہوئے مگر سب مقدمات اپنی موت آپ مر گئے، زرداری پر کبھی کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔

پروگرام میں شریک ماہر معاشیات خرم حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے علاوہ پاکستان کے پاس دوسرے اچھے آپشنز نہیں ہیں، فی الحال کوئی ملک اس حالت میں پاکستان کو مسلسل امداد کرنے کے لیے راضی نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بین الاقوامی تنظیموں یا دوسرے امیر دوست ممالک سے رابطہ کرے تب بھی بحران کم نہیں ہو گا۔ اس پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔

 


متعلقہ خبریں