اسلام آباد: سول سروس اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد اس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ ڈویژن نے ٹاسک فورس کے ٹرمز آف ریفرنس بھی جاری کر دیے ہیں جبکہ ٹاسک فورس منظورشدہ ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے نگرانی کا طریق کار بھی تیار کرے گی۔
وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹرعشرت حسین کو ٹاسک فورس کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، اس کے 19 ارکان ہوں گے جن میں بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر شاہد کاردار، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری سلیمان غنی، سلمان راجہ اور سابق نائب چیئرمین کمیشن برائے منصوبہ بندی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس وزیراعظم اور کابینہ کی جانب سے بھیجے گئے معاملات کو بھی دیکھے گی اور پلان پرعملدرآمد کے لیے مطلوبہ قانون سازی بھی کرے گی۔
ٹاسک فورس وفاقی اور صوبائی سطح پر پبلک سروس اسٹرکچر ترتیب دے گی اوروفاقی، صوبائی سطح پر ہیومن ریسورس پالیسیز، منیجمنٹ، ریکروٹمنٹ، ٹریننگ اور کیریئر پلاننگ کے امور بھی دیکھے گی۔