راولپنڈی: صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ صوبے کی حکومت فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کر رہی ہے جو اس شعبے میں کام کرنے والوں کے لیے خوش آئند ہو گا۔
راولپنڈی میں آرٹس کونسل کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے سات روزہ یوم شہدا کا افتتاح بھی کیا اورکہا کہ قوم کو افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں اور بہادری پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے خون سے وفا کا تقاضہ یہی ہے کہ ملک کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں فنون لطیفہ کے لیے کام کیا جائے کیونکہ اس شعبے میں کام کرنے والے بہت صلاحتیوں کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ ایک بہترین شعبہ ہے جس میں کام کرنے کی بے تحاشہ گنجائش موجود ہے، ابھی تک اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔