حجاج کو بذریعہ طیارہ کوئٹہ پہنچانے کی ہدایت


کراچی: پی آئی اے کے چئیرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر ثاقب عزیز نے کوئٹہ کے حجاج کی کراچی آمد اور ان کے کراچی سے کوئٹہ بذریعہ بس جانے سے انکار کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

قومی ائیر لائن کے سی ای او نے پی آئی اے حکام کو حکم دیا کہ حجاج کو بذریعہ پروازکوئٹہ بھیجا جائے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق حجاج کو لے کرقومی ائیر لائن کی پہلی پرواز آج دوپہر کراچی سے کوئٹہ روانہ ہوگی۔

اس سے پہلے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے حجاج کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا جہاں سے انہیں شاہین ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کوئٹہ لے جانا تھا۔ تاہم طویل انتظار کے بعد بھی کنکٹنگ فلائٹ نہ ملنے پر حاجیوں نے احتجاج شروع کردیا جس کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

حجاج کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر لائن انتظامیہ انہیں بذریعہ پرواز کوئٹہ لے جانے کے بجائے بسوں سے کوئٹہ جانے کا کہہ رہی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن کے مسافروں کو صرف جدہ سے کراچی لانے کا معاہدہ کیا تھا، کراچی سے کوئٹہ کا انتظام نجی ائیر لائن کو خود ہی کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں