اسلام آباد/نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر کے تنازعات کا حل عالمی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں اعلیٰ سطح کے فورم سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیگر پرانے تنازعات کا حل عالمی امن اور سلامتی کے لیے لازم تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متوقع اور پیچیدہ تناعات کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہوگی، ہم ان ناقابل برداشت معاملات کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ غیر ملکی قبضے اور حق خود مختاری سمیت دیگر بنیادی حقوق سے محرومی مظلوم طبقے میں نا انصافی کے احساس کو جنم دیتا ہے۔ پاکستانی نمائندہ کا کہنا تھا کہ انصاف اور امن کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے، انصاف کی بنیاد پر ہی امن کا قیام ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے تحت عالمی قوانین و اخلاقیات سے ماورا اقدامات کیے جا رہے ہیں، مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ فلسطین میں دو ریاستی حل کو منصوبہ بندی کے تحت ختم کیا گیا ہے جب کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا بھی سوالیہ نشان ہے۔
پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی حالیہ جاری کی گئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کی جارہی جب کہ وہاں کے عوام اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔