لاہور: پاکستان کے آل راونڈر اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے ساتھ منسلک کی گئی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ان کے خلاف جو بھی خبریں چلائی جا رہی ہے ان میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ان کی ذات اور کیریئر کے حوالے سے میڈیا میں بہت سی منفی خبریں گردش کر رہی تھیں، اس پریس کانفرنس کا مقصد سچائی کو سامنے لانا ہے۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ٹیم میں نام نہ آنے پر وہ ناراض نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے کسی قسم کے غصہ کا اظہار کیا ہے، ٹیم کی سیلیکشن میرے ہاتھ میں نہیں ہے میرے ہاتھ میں صرف میری پرفارمنس ہے جو ہمیشہ دیتا رہوں گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف وطن کی عزت کے لیے کھیلتے ہیں، اور ہر وقت قومی کرکٹ کے لیے تیار ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کر رہے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر محمد حفیظ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے کھلاڑی کا پیغام ان تک پہنچ پائے گا اور ان کے مداحوں تک حقیقت پہنچ پائے گی۔