لکی مروت: پاک فوج کے جوانوں نے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے شہدا کے گھر جا کر ان کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، یوم دفاع کے موقع پر شہیدوں کو یاد رکھنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
یہ تحائف کرنل یاسرحیات، ڈپٹی کمشنرعبدالکبیرآفریدی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف گوہر نے تقسیم کیے، تحفے وصول کرنے والوں میں پاک فوج اور پولیس کے شہدا کے لواحقین شامل تھے۔
اس موقع پر کرنل یاسر حیات کا کہنا تھا کہ ہم ان شہیدوں کی قربانی کی قیمت تو ادا نہیں کر سکتے لیکن ان کو خراج تحسین ضرور پیش کر سکتے ہیں۔
ڈی پی او آصف گوہر کا کہنا تھا کہ شہیدوں کے اہل خانہ کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پرشہید عطاءالرحمان کی والدہ نے کہا کہ انہیں بیٹے کی وطن کے لیے دی گئی قربانی پر فخر ہے، اگر وہ بھی بیٹے کے ساتھ ہوتیں تو دشمن کو بتا دیتیں کہ شہیدوں کی مائیں کیسے لڑا کرتی ہیں۔
کزشتہ دنوں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے یوم دفاع کی تقریبات کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس سال کسی بھی شہید کی قربانی کو بھلایا نہیں جائے گا، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فوج کے نمائندے ان کے گھرجائیں گے اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
پاک فوج نے اس سال یوم دفاع مختلف انداز میں منانے کا اعلان کیا تھا اور اسے ’ہمیں پاکستان سے پیار ہے‘ کا خوبصورت عنوان دیا تھا۔
1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی افواج کی شاندار دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں ہر سال 6 ستمبر کو یوم دفاع ایک قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔