لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے سابق صدر احسانی مانی بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی ہوا تھا۔
احسان مانی کو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیرِاعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا، ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے اور وہ بلامقابلہ ہی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ بورڈ آف گورنر نے اجلاس کے دوران احسان مانی کو بلامقابلہ نیا چیئرمین منتخب کرلیا۔ احسان مانی آئندہ تین برس کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ انہوں نے اپنا چارج بھی سنبھال لیا ہے۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد احسان مانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت بھی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین ماضی میں کرکٹ کے عالمی ادارے آئی سی سی کے صدر رہ چکے ہیں۔
احسان مانی پیشے کے اعتبار سے اکاؤنٹنٹ ہیں اور آئی سی سی کے مالی معاملات دیکھتے رہے ہیں۔ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں پہلی بار 1889 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا اور 2003 میں تین سال کے لیے آئی سی سی کے صدر منتخب ہوئے تھے۔